ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اراکین اسمبلی کے رویہ پر اسپیکر کا اظہار افسوس 

اراکین اسمبلی کے رویہ پر اسپیکر کا اظہار افسوس 

Sat, 16 Jul 2016 10:39:47  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو15؍جولائی(ایس او نیوز) پچھلے تین دنوں سے ریاستی اسمبلی میں ایوان میں مسلسل ہنگامہ آرائی اور شوروغل پر آج ریاستی اسمبلی اسپیکر کے بی کولیواڈ نے افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ پچھلے تین دنوں سے ایوان کے ممبران نے جو رویہ اپنایا ہے وہ آئینی تقاضوں کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہاکہ جمہوری نظام کے تحت منتخب نمائندوں سے ایسی توقعات رکھی نہیں جانی چاہئے۔اسپیکر نے کہاکہ وہ کسی ایک پارٹی کو نشانہ بناکر یہ بات نہیں کہہ رہے ہیں بلکہ یہ صاف کردینا چاہتے ہیں کہ حکمران اور حزب اختلاف دونوں طرف سے اراکین کا رویہ سدھار کا متقاضی ہے۔ حکمران اور اپوزیشن کو ایوان کی کارروائیاں چلانے میں تعاون کرنا چاہئے ۔ یہ پارٹی وہ پارٹی کا سوال نہیں اٹھتا۔ اسپیکر نے کہاکہ انہوں نے اس معاملے میں اپنی جو رائے تھی وہ ایوان کے سامنے رکھی ہے۔ایک لاکھ چالیس ہزار کروڑ روپیوں کا ریاستی بجٹ پیش ہوا ہے، اس سے جڑے اہم مسودات پر ایوان میں بحث کی جانی ہے ، بحث کے بغیر انہیں منظور کرایا جانا جمہوری نظام کو زیب نہیں دیتا۔ اس مرحلے میں اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے اسپیکر کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ پہلے وہ ریاستی حکومت کو یہ ہدایت دیں کہ جارج سے استعفیٰ لے، اس کے بعد بی جے پی ایوان چلانے کیلئے حکومت سے تعاون کرنے تیار ہے۔اس مرحلے میں کے بی کولیواڈ نے کسی کو بولنے کا موقع دئے بغیر کارروائی کو نصف گھنٹے کیلئے ملتوی کردیا۔ اس سے قبل بی جے پی اور جنتادل (ایس) اراکین نے اپنا دھرنا جاری رکھا تو حکمران پارٹی کے کیشو مورتی نے ہائی کورٹ میں مبینہ رشوت ستانی معاملہ پر بحث کی اجازت دینے اسپیکر سے اجازت طلب کی ۔اس بات کو لے کر جب بی جے پی ممبران نے اعتراض کیا تو ایوان میں ہنگامہ مچ گیا۔ 


Share: